پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے آسٹریلیا کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے قومی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
صوبائی وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا جیسی دنیا کی بہترین ٹیم کو شکست دینا قوم کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جیت پاکستانی کھلاڑیوں کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بھرپور ٹیم ورک کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ گرین شرٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں۔ ان کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کا جارحانہ کھیل، بہترین حکمتِ عملی اور باہمی تعاون ہی اس کامیابی کی بنیاد بنا۔
صوبائی وزیر کھیل نے مزید کہا کہ یہ فتح آنے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ایک زبردست اور امید افزا تیاری کا واضح ثبوت ہے۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ قومی ٹیم اسی جذبے، لگن اور تسلسل کے ساتھ مستقبل میں بھی مزید فتوحات حاصل کرے۔