اے سی سی ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026: پی سی بی کا پاکستان ویمنز ‘اے’ اسکواڈ کا اعلان

image

اے سی سی ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے سلسلے میں پی سی بی نے پاکستان ویمنز ’اے‘ اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 13 سے 22 فروری تک تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ہوگا، ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر مشتمل، 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، یو اے ای اور نیپال کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

گروپ بی میں بنگلادیش، سری لنکا، ملائیشیا اور میزبان تھائی لینڈ شامل ہے، ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

آف اسپن آل راؤنڈر اُمِ ہانی کو پاکستان ویمنز اے ٹیم کی کپتان مقرر کیا گیا ہے، وحیدہ اختر اور شوال ذوالفقار سینئر کھلاڑیوں میں شامل ہیں، جبکہ انڈر 19 کپتان ایمان نصیر اور بلے باز کومل خان بھی ‘اے’ ٹیم میں شامل ہے۔

یسریٰ عامر وکٹ کیپنگ کریں گی، اسپن اٹیک میں انوشہ ناصر، مومنا ریاست، اُمِ ہانی اور نورین یعقوب شامل ہیں۔ فاسٹ بولنگ اٹیک کی قیادت وحیدہ اختر کریں گی۔

چار ممالک اپنی قومی ویمنز ٹیمیں جبکہ چار ’اے‘ ٹیمیں میدان میں اتاریں گے۔

30 ممکنہ کھلاڑیوں کا کیمپ ایک ہفتہ کراچی میں لگا جس کے بعد 15 رکنی اسکواڈ منتخب ہوا۔

پاکستان ویمنز اے ٹیم 10 فروری کو تھائی لینڈ روانہ ہوگی، پری ٹورنامنٹ کیمپ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں جاری رہے گا۔

پاکستان ویمنز اسکواڈ میں بلے باز ایمان نصیر، گل رخ، حفصہ خالد، حرینہ سجاد، کومل خان اور شوال ذوالفقار، وکٹ کیپر یسریٰ عامر کے علاوہ آل راؤنڈرز نورین یعقوب اور اُمِ ہانی، اسپن بولرز انوشہ ناصر، مومنہ ریاست، فاسٹ بالرز لبنیٰ بہرام، نیہا شرمین ندیم، سیدہ معصومہ جعفری اور وحیدہ اختر بھی شامل ہیں۔

ٹیم مینجمنٹ میں محمد مسرور (ہیڈ کوچ)، شعیب خان، نعیم طیب، جویریہ رؤف اور دیگر سپورٹ اسٹاف شامل ہیں۔

پاکستان کا پہلا میچ 13 فروری کو نیپال سے ہوگا، 15 فروری کو پاکستان کا مقابلہ بھارت سے ہوگا، 17 فروری کو یو اے ای اور پاکستان کا میچ ہوگا، سیمی فائنلز 20 فروری اور فائنل 22 فروری کو ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US