ٹی ٹوئنٹی سیریز: 111 رنز سے فتح، پاکستان نے آسٹریلیا کو کلین سویپ کردیا

image

پاکستان نے آسٹریلیا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سویپ کردیا جب انہوں نے آج تیسرا میچ بھی 111 رنز سے جیت لیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 207 رنز کیے اور اس کے جواب میں آسٹریلیا کو 16.5 اوورز میں صرف 96 پر آل آؤٹ کردیا جس میں اسپنر محمد نواز نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 18 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا پہلا میچ 22 رنز سے ہارا تھا لیکن اس کے بعد اگلے دو میچز میں آسٹریلیا کو 90 اور 111 رنز کے مارجن سے شکست ہوئی ہے جو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپس سے پہلے ان کے لیے اچھی خبر نہیں ہے۔

آج کے میچ میں بھی پاکستانی اسپنر چھائے رہے اور آسٹریلیا کا کوئی بیٹسمین بھی جم کر ان کا سامنا نہیں کر پایا۔ نواز کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی نے دو اور ابرار احمد اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کی طرف سے پہلے تین اوور میں ہی ان کی تین وکٹیں گرچکی تھیں جس میں ان کے کپتان مچل مارش شامل تھے جو پہلے اوور میں شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اگلے اوور میں محمد نواز نے میتھیو شارٹ کو آؤٹ کیا اور تیسرے اوور میں شاہین نے میٹ رین شاہ کو بولڈ کردیا۔ مارکس سٹرائنس 22 گیندوں پر 23 رنز بنا کے آؤٹ ہوئے جبکہ کیمرون گرین ہے 22 رنز کیے ہیں۔

پاکستان جنہوں نے آج آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں اپنا سب سے بڑا ٹوٹل کیا اور آسٹریلیا کے بالرز کی خوب دھلائی کی، صائم ایوب اور بابر اعظم نے ہاف سینچریاں کی ہیں لیکن سب سے شاندار اننگ شاداب خان کھیل کر گئے جنہوں نے صرف 19 گیندوں پر 46 کیے جس میں پانچ چھکے شامل تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US