ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے متعلق اتوار کے روز ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس میں پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا ہے، تاہم ٹورنامنٹ میں مجموعی شرکت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان کے اس فیصلے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔ بھارتی نیوز ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کے مطابق بی سی سی آئی کے ایک رکن نے بھارتی خبر ایجنسی کو بتایا کہ انڈین ٹیم آئی سی سی کے طے شدہ پروٹوکول کے مطابق سری لنکا کا سفر کرے گی۔
بی سی سی آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیم انڈیا سری لنکا جائے گی اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے تمام ضابطوں پر مکمل عمل کرے گی۔ ترجمان کے مطابق بھارتی ٹیم شیڈول کے مطابق پریکٹس کرے گی، پریس کانفرنس میں شرکت کرے گی، مقررہ وقت پر اسٹیڈیم پہنچے گی اور میچ ریفری کی جانب سے حتمی فیصلے کا انتظار کرے گی۔
بی سی سی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ پاکستان نے 15 فروری کو ہونے والے گروپ اسٹیج کے میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے، اس کے باوجود بھارتی ٹیم آئی سی سی پروٹوکول کے تحت میدان میں موجود رہے گی اور میچ ریفری کے فیصلے تک انتظار کرے گی۔
واضح رہے کہ اتوار کو پاکستان نے تمام تر تحفظات کے باوجود ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی تصدیق کی، تاہم بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی لیکن بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔
یاد رہے کہ حکومتِ پاکستان نے بنگلا دیش کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر احتجاجاً بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔