پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ لائنز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز کے لیے پاکستان شاہینز کا 16 رکنی اسکواڈ جاری کر دیا ہے۔ سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی اور تمام میچز ابو ظہبی کے اسٹیڈیم اوول میں ہوں گے۔
تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 20 فروری سے شروع ہوگی جبکہ پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز 27 فروری سے 9 مارچ تک کھیلی جائے گی۔
پاکستان شاہینز کی کپتانی شامل حسین کریں گے جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد ٹیم کے مینٹور اور منیجر ہوں گے۔ اعجاز احمد جونیئر ہیڈ کوچ، منصور امجد فیلڈنگ کوچ اور اعزاز چیمہ بولنگ کوچ مقرر کیے گئے ہیں۔
اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں عبدالصمد، حسن نواز، معاذ صداقت، سعد خان، سمیر منہاس، عرفات منہاس، روحیل نذیر، سعد بیگ، سعد مسعود، سفیان مقیم، علی رضا، احمد دانیال، عاکف جاوید، محمد سلمان اور شاہد عزیز شامل ہیں۔ روحیل نذیر اور سعد بیگ وکٹ کیپنگ کریں گے جبکہ سعد مسعود اور سفیان مقیم سپن باؤلنگ کے لیے منتخب ہیں۔ فاسٹ باؤلرز میں علی رضا، احمد دانیال، عاکف جاوید، محمد سلمان اور شاہد عزیز شامل ہیں۔
پاکستان شاہینز کا سات روزہ تربیتی کیمپ 11 سے 17 فروری تک کراچی میں ہوگا جس میں کھلاڑی اپنی تیاری مکمل کریں گے۔