چیف آف آرمی اسٹاف یوتھ ایجوکیشن اسکیم کے تحت جنوبی وزیرستان اور ٹانک کے طلبہ کے لیے آرمی پبلک اسکولز میں مفت تعلیم کے داخلہ امتحانات کامیابی سے منعقد ہوئے۔
یہ امتحانات فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساؤتھ) اور پاک فوج کی نگرانی میں لیے گئے، جن میں چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ تحریری امتحانات میں ایک ہزار سے زائد طلبہ نے جوش و خروش اور دلچسپی کے ساتھ حصہ لیا، جس سے علاقے کے بچوں اور والدین کی تعلیم سے وابستگی واضح ہوئی۔
تحریری امتحانات میں کامیاب طلبہ کو ملک کے مختلف آرمی پبلک اسکولز میں مفت تعلیم کے ساتھ رہائش، خوراک اور دیگر تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
چیف آف آرمی اسٹاف یوتھ ایجوکیشن اسکیم کا بنیادی مقصد دور دراز علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔ یہ اسکیم بالخصوص سابق فاٹا اور دیگر کم ترقی یافتہ علاقوں کے بچوں کے لیے ایک اہم تعلیمی پلیٹ فارم ثابت ہو رہی ہے۔
پاک فوج اور فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساؤتھ) کی جانب سے یہ تعلیمی اقدامات اس عزم کا عملی اظہار ہیں کہ ملک کے ہر بچے کو تعلیم، ترقی اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں، تاکہ ایک مضبوط اور تعلیم یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھی جاسکے۔