صادق آباد کے محنت کش آئس کریم فروش کی بیٹی خدیجہ نے محدود وسائل کے باوجود میٹرک امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے بہاولپور بورڈ میں آرٹس گروپ کی پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
گورنمنٹ ایم سی گرلز سکول صادق آباد کی طالبہ خدیجہ نے 1119 نمبر حاصل کیے۔ ان کی کامیابی نہ صرف ان کے والدین کے لیے باعثِ فخر بنی بلکہ علاقے میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
خدیجہ کے والد آئس کریم فروخت کرکے اپنے بچوں کا خرچ پورا کرتے ہیں۔ مشکل مالی حالات کے باوجود خدیجہ نے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی محنت سے یہ مقام حاصل کیا۔
کامیابی کے بعد جب خدیجہ سکول پہنچیں تو پرنسپل اور اساتذہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اساتذہ اور طالبات نے انہیں پھول پیش کیے اور شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی۔
خدیجہ کی کامیابی اس بات کی مثال ہے کہ محدود وسائل کے باوجود محنت، مستقل مزاجی اور تعلیم کے لیے لگن انسان کو اپنے مقصد تک پہنچا سکتی ہے۔