ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا کا بیان سامنے آ گیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجیو شکلا نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے اس معاملے پر ایک اہم بیان سامنے آیا ہے، جس سے بی سی سی آئی متفق ہے۔
راجیو شکلا نے واضح کیا کہ بی سی سی آئی اس معاملے پر اس وقت تک کوئی حتمی مؤقف اختیار نہیں کرے گا جب تک آئی سی سی سے باضابطہ بات چیت مکمل نہیں ہو جاتی۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش نے بھارت میں عدم تحفظ کی وجہ سے آئی سی سی سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی مگر آئی سی سی نے معاملے کو حل کرنے کے بجائے اسکاٹ لینڈ کو شامل کرلیا۔
اس صورتحال میں حکومت پاکستان نے بنگلا دیش سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے خلاف 15 فروری کو ہونے والے ہائی وولٹیج میچ میں شرکت نہ کرنے فیصلہ کیا ہے۔