کوئٹہ پولیس نے سرکاری املاک کی چوری میں ملوث افراد کو 48 گھنٹے کی مہلت دے دی۔
بلوچستان پولیس کے ترجمان کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق جن شہریوں نے سرکاری تحویل سے موٹر سائیکل، گاڑی اور رکشہ یا کوئی بھی سرکاری املاک چوری کی ہے ان کو خبردار کیا جاتا ہے کہ کوئٹہ پولیس ایک آپریشن لانچ کرنے جارہی ہے جس میں تمام چوری شدہ سامان کو ریکور کیا جائے گا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جن کے قبضے سے چوری شدہ سامان برآمد ہوا ان کو بھی دہشت گردوں کا ساتھی تصور کیا جائے گا اور ان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمے چلائے جائیں گے۔
لوگوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ ایسے تمام افراد جنہوں نے فرط جذبات میں سرکاری املاک چوری کی، ان کو 48 گھنٹوں کی مہلت دی جاتی ہے کہ سرکاری تحویل سے چوری شدہ سامان، موٹر سائیکل، گاڑیاں، رکشے متعلقہ تھانوں میں واپس کردیں۔ ان سے کوئی بھی سوال نہیں کیا جائے گا۔ تاہم 48 گھنٹے گزرنے کے بعد جن کے قبضے سے چوری شدہ املاک برآمد ہوئیں ان کو دہشت گردوں کا ساتھی تصور کیا جائے گا۔