انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 الگ الگ کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 19 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 22.7 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق فتح جنگ انٹرچینج کے قریب ایک گاڑی سے 12 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا،چک 196 فیصل آباد کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 7.2 کلوگرام چرس اور جوہر کالونی فیصل آباد کے قریب ایک اور موٹر سائیکل سوار سے 1.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
ڈسکہ روڈ، سیالکوٹ میں ایک کوریئر آفس کے الیکٹرک ہیٹر میں چھپائی گئی 1 کلوگرام آئس برآمد کر لی گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا،جی ٹی روڈ، برہان ضلع اٹک کے قریب سیمنٹ سے لوڈڈ ٹرک سے 400 گرام آئس اور 500 گرام چرس برآمد کی گئی جس پر ملزم کو حراست میں لیا گیا۔
اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے تحت انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔