نکسر کالج کی شاندار کامیابی: ہارورڈ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز دبئی میں بیسٹ اسمال ڈیلیگیشن کا ایوارڈ جیت لیا

image

نکسر کالج نے بین الاقوامی سطح پر ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ہارورڈ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز (HMUN) دبئی کانفرنس میں باوقار بیسٹ اسمال ڈیلیگیشن کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ 13 رکنی طلباء کے وفد کی یہ کامیابی نہ صرف کالج بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر ہے، جو عالمی تعلیمی اور سفارتی فورمز پر ملک کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔

ہارورڈ یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی HMUN دبئی کانفرنس دنیا کی مشکل ترین اور مسابقتی ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنسوں میں شمار ہوتی ہے، جس میں دنیا بھر کے بہترین طلباء شرکت کرتے ہیں۔ ’’بیسٹ اسمال ڈیلیگیشن‘‘ کا ایوارڈ ان ٹیموں کو دیا جاتا ہے جو تمام کمیٹیز میں غیر معمولی کارکردگی دکھاتی ہیں جس کے لیے ہر ڈیلیگیٹ کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا پڑتا ہے۔

نکسر کالج کے طلباء نے اجتماعی ایوارڈ کے علاوہ متعدد انفرادی اعزازات بھی حاصل کیے، جن میں بیسٹ ڈیلیگیٹ، آؤٹ اسٹینڈنگ ڈیلیگیٹ، آنریبل مینشن اور ڈپلومیٹک کمنڈیشنز شامل ہیں۔ یہ اعزازات وفد کی بھرپور تیاری، بہترین سفارت کاری اور بین الاقوامی تعلقات پر ان کی گرفت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

وفد کی کوچنگ روحان ارشد نے کی، جن کی رہنمائی اور حکمت عملی نے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ طلباء کی قیادت وفد کے کپتان ارمان نرسی، باسم سلمان اور مریم علی نے کی، جن کی انتھک محنت اور کوآرڈینیشن نے تمام کمیٹیز میں بہترین کارکردگی کو ممکن بنایا۔

فاتح وفد میں ارمان نرسی، باسم سلمان، مریم علی، عسل خان، ماہ بی بی بلوچ، عمیر مہیسر، لکش کمار، زینا خان، اوین ہارون، زاران شاہ، دائم عماد ریاض، شہیر جونیجو اور شہیر اصغر شامل تھے۔

طلباء اور کوچنگ اسٹاف نے نکسر کالج کے ڈین سر ندیم غنی اور ای سی اے ہیڈ کوچ عریج کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی قیادت اور انتظامی تعاون نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔


Click here for Online Academic Results

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US