آٹھویں لاہور بلائنڈ کرکٹ کپ کے انعقاد کے موقع پر بلائنڈ کرکٹرز کو رہائش فراہم نہ کرنے پر شدید تشویش پیدا ہو گئی ہے۔ لاہور بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری اور سابق کپتان پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم عامر اشفاق نے اسپورٹس بورڈ پنجاب کے رویے کو قابل مذمت قرار دیا ہے۔
چار ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں اسلام آباد، بہاولپور، اوکاڑہ اور لاہور کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ لاہور بلائنڈ کرکٹ کپ 2 سے 5 فروری تک شیڈول ہے۔
عامر اشفاق کے مطابق لاہور بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے اسپورٹس بورڈ پنجاب سے کھلاڑیوں کے لیے رہائش کی درخواست کی تھی لیکن ہاسٹل خالی ہونے کے باوجود کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔ اسپورٹس بورڈ پنجاب کے پاس ہاکی اسٹیڈیم اور ٹینس اسٹیڈیم میں 200 سے زائد کھلاڑیوں کی رہائش کے لیے ہاسٹل دستیاب ہیں۔
عامر اشفاق نے کہا کہ بلائنڈ کرکٹرز نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور اسپورٹس بورڈ پنجاب کا رویہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے درخواست کی ہے کہ بلائنڈ کرکٹرز کے ساتھ اس رویے کا نوٹس لیا جائے۔