انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں پاکستان اور بھارت کے مابین ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میچ نہ کھیلنے کے ممکنہ مالی اثرات پر بحث جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے کئی ممبران نے ورچوئل میٹنگ میں بھارت کی جانب سے زور دیا کہ اگر پاکستان بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلتا تو براڈکاسٹر کو نقصان ہوگا جس کا ازالہ پاکستان کے آئی سی سی ریونیو سے کیا جائے۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو توقع نہیں تھی کہ پاکستان اس میچ میں حصہ نہیں لے گا اور پاکستان کے اعلان کے بعد کہ وہ 15 فروری کو بھارت سے میچ نہیں کھیلیں گے بھارتی بورڈ نے آئی سی سی میں شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق کچھ بورڈز کی کوشش ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنی حکومت سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت حاصل کرنے پر راضی کیا جائے۔ بھارتی بورڈ آئی سی سی میں اہم عہدوں پر اثر و رسوخ رکھتا ہے اور کوشش کر رہا ہے کہ پاکستان کو مالی نقصان پہنچایا جائے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کو 2024 سے 2027 کے دوران آئی سی سی ریونیو کا 5.75 فیصد حصہ ملتا ہے جو ہر سال تقریباً 35 سے 38 ملین ڈالر بنتا ہے جبکہ بھارت کو تقریباً 38.5 فیصد حصہ حاصل ہوتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے زیادہ تر ممبران ابھی بھی یہ دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح پاکستان کو میچ کھیلنے پر راضی کیا جائے تاکہ براڈکاسٹر کے نقصان کو پورا کیا جا سکے۔