انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے پاکستان سپر لیگ کی معروف فرنچائز لاہور قلندرز کی دس سالہ کامیابیوں اور جدوجہد کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثالی فرنچائز قرار دیا ہے۔
ہارون لورگاٹ کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کے آنرز، مینجمنٹ، کوچز، کھلاڑیوں اور شائقین تک اپنا پیغام پہنچانا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ایک شاندار فرنچائز کا حصہ ہیں جو خاندانی اقدار کو اہمیت دیتی ہے اور یہی چیز اسے دوسروں سے ممتاز بناتی ہے۔
سابق آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ انہوں نے دنیا بھر کی کئی فرنچائزز کو قریب سے دیکھا ہے لیکن لاہور قلندرز کی پہچان منفرد ہے۔ ان کے مطابق ابتدائی برسوں میں مایوسی کے باوجود لاہور قلندرز نے ہمت نہیں ہاری اور نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے مسلسل کام کیا۔
ہارون لورگاٹ کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کی مضبوط حکمتِ عملی ریکارڈ ٹائٹلز کی صورت میں کامیابی کا باعث بنی، جبکہ یہ فرنچائز کامیاب دفاع کرنے والی چند ٹیموں میں شامل ہے، جو ان کی مستقل مزاجی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے جو کامیابیاں حاصل کیں وہ ان کے مکمل طور پر حقدار ہیں اور اس فرنچائز کو ملنے والی اسپورٹ آئندہ دس برس تک بھی جاری رہے گی۔
ہارون لورگاٹ نے مزید کہا کہ نوجوان ٹیلنٹ کو تلاش کر کے انہیں انٹرنیشنل سطح تک پہنچانا لاہور قلندرز کی ایک بڑی کامیابی ہے، جو مستقبل میں بھی پاکستانی کرکٹ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔