پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے جب اس کے ایک سال کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس (انڈیا ریجن کے علاوہ) ولی ٹیکنالوجیز کو فروخت کر دیے گئے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر کے مطابق ولی ٹیکنالوجیز نے پی سی بی کی مقررہ ریزرو قیمت سے بھی زیادہ بولی لگائی جس کے نتیجے میں انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی مالیت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 149 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سلمان نصیر نے کہا کہ یہ اضافہ پی ایس ایل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور برانڈ ویلیو کا واضح ثبوت ہے اور اس سے عالمی سطح پر ایچ بی ایل پی ایس ایل پر اعتماد بھی ظاہر ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل دنیا کی صفِ اوّل ٹی ٹوئنٹی لیگز میں اپنی مضبوط جگہ بنا رہا ہے اور نئے معاہدے سے لیگ کی بزنس گروتھ پر اعتماد مزید مستحکم ہوا ہے۔
سی ای او سلمان نصیر نے ولی ٹیکنالوجیز کو ریکارڈ توڑ بولی پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ کامیابی فرنچائزز، کھلاڑیوں اور دیگر شراکت داروں کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے، جنہوں نے لیگ کو عالمی برانڈ بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔
پی ایس ایل 2016 سے اب تک میڈیا رائٹس اور سپانسرشپس میں مسلسل ترقی کر رہا ہے اور ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان کا سب سے بڑا سپورٹس برانڈ بن چکا ہے۔
ولی ٹیکنالوجیز کے سی ای او محمد احسن طاہر نے کہا کہ نئے معاہدے کے تحت پی ایس ایل کی رسائی عالمی سطح پر مزید بڑھائی جائے گی اور اب لیگ کے میچز دنیا بھر میں پہلے سے کہیں زیادہ بڑے پیمانے پر دیکھے جائیں گے۔ محمد احسن طاہر نے اس موقع پر کہا کہ یہ ہر پاکستانی کے لیے فخر کی بات ہے جو 'میڈ ان پاکستان' ٹیکنالوجی پر یقین رکھتا ہے، اور ولی ٹیکنالوجیز کے پاس ایچ بی ایل پی ایس ایل کے لیے کافی منصوبے موجود ہیں۔