ایشین اسنوکر چیمپئن شپ: پاکستان کے دو کیوئسٹ کا پری کوارٹر فائنل میں سفر اختتام پذیر

image

ایشین اسنوکر چیمپئن شپ 2026 میں پاکستانی کیوئسٹ کی دوڑ پری کوارٹر فائنل ہی میں ختم ہو گئی۔ محمد آصف اور رانا عرفان محمود دونوں کھلاڑی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے اعزازی سیکریٹری نوید کپاڈیہ نے بتایا کہ پری کوارٹر فائنل میں محمد آصف کو ہانگ کانگ کے چائو ہون مین نے 4-2 سے شکست دی۔ ہون مین کی جیت کا اسکور 0-78، 22-72، 8-57، 60-49، 74-13 اور 21-72 رہا، اور انہوں نے پہلے فریم میں 64 کا عمدہ بریک بھی کھیلا۔

دوسری جانب رانا عرفان محمود نے یو اے ای کے محمد شہاب کے خلاف زبردست مزاحمت دکھائی، تاہم وہ 3-4 سے ہار گئے۔ عرفان نے پہلے دو فریم 57-50 اور 66-8 سے جیت کر برتری حاصل کی، لیکن شہاب نے اگلے دو فریم 27-68 اور 45-54 سے جیت کر مقابلہ برابر کر دیا۔ پانچویں فریم میں عرفان نے 93-8 سے کامیابی حاصل کی، مگر شہاب نے آخری دو فریم 54-78 اور 27-66 جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ایشین انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ کا آغاز ہوا، جس میں 29 جونیئر کھلاڑیوں کو 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، اور ہر گروپ سے دو کھلاڑی پری کوارٹر فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گے۔ پہلے دن پاکستان کے حسنین اختر نے ایران کے عرشیہ دولت آبادی کو 3-2 سے شکست دی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US