پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے لیے فرنچائزز نے اپنے ریٹین کیے گئے کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور قلندرز نے چار اہم کھلاڑیوں کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کے مضبوط ڈھانچے اور تسلسل کو یقینی بنایا ہے۔
لاہور قلندرز نے اپنے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا جبکہ نمایاں بلے باز عبداللہ شفیق کو ڈائمنڈ، متحرک آل راؤنڈر سکندر رضا کو گولڈ اور ابھرتے ہوئے نوجوان ٹیلنٹ محمد نعیم کو سلور کیٹیگری میں ریٹین کیا گیا۔
لاہور قلندرز کے مالک نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کو ریٹین کرنا خوشی کا باعث ہے مگر یہ فیصلہ بہت مشکل تھا۔ قوانین کے تحت ہمیں صرف چار کھلاڑی ریٹین کرنے کی اجازت تھی جبکہ کچھ ایسے کھلاڑی بھی تھے جنہوں نے کئی سالوں سے ٹیم کی شناخت بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اسی طرح دیگر فرنچائزز نے بھی اپنے اہم کھلاڑیوں کو برقرار رکھا، پشاور زلمی نے کپتان بابر اعظم کو پلاٹینم، سفیان مقیم ڈائمنڈ، عبدالصمد گولڈ اور علی رضا ایمرجنگ کیٹیگری میں برقرار رکھا،
ملتان سلطانز نے سیزن 11 کے لیے کسی بھی کھلاڑی کو ریٹین نہ کرنے کا فیصلہ کیا ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسپنر ابرار احمد کو پلاٹینم، حسن نواز گولڈ، عثمان طارق ڈائمنڈ اور شامل حسین ایمرجنگ کیٹیگری میں برقرار رکھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے کپتان شاداب خان پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا اور کراچی کنگز نے سب سے کامیاب بولر حسن علی پلاٹینم، عباس آفریدی ڈائمنڈ، خوشدل شاہ گولڈ اور سعد بیگ کو ایمرجنگ کیٹیگری میں برقرار رکھا۔
پی ایس ایل کی تاریخ کا پہلا پلیئرز آکشن 11 فروری کو منعقد ہوگا جبکہ سیالکوٹ اسٹالینز اور حیدرآباد 7 فروری تک اپنی ریٹینشنز کا اعلان کریں گے۔
پی ایس ایل 2026 کے لیے چھ فرنچائزز نے اب تک اپنے کھلاڑیوں کی ریٹینشنز کا اعلان کر دیا ہے جس سے لیگ کی مقابلہ بازی اور ٹیم بلڈنگ کی تیاری عروج پر پہنچ گئی ہے۔