یومِ یکجہتی کشمیر: اسپورٹس بورڈ پنجاب کے زیرِ اہتمام ریلی، سینکڑوں کھلاڑیوں کی شرکت

image

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اسپورٹس بورڈ پنجاب کے زیرِ اہتمام ایک بھرپور اور شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں کھلاڑیوں، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔

ریلی کی قیادت سیکرٹری اسپورٹس پنجاب محمد علی اور ڈی جی اسپورٹس پنجاب خضر افضال چوہدری نے کی۔ ریلی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم سے شروع ہو کر قذافی اسٹیڈیم تک نکالی گئی جہاں شرکاء نے جوش و جذبے کے ساتھ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے لگائے۔

اس موقع پر سیکرٹری اسپورٹس پنجاب محمد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پورا پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ دنیا کو واضح پیغام دیا جا سکے۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چوہدری نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہاکی، فٹ بال اور تائی کوانڈو کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے لیے ریلی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

ریلی میں تائی کوانڈو، ہاکی اور فٹ بال کے سینکڑوں کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے سے شرکت کی اور کشمیری عوام کے حق میں یکجہتی کا اظہار کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US