وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف ورلڈ کپ میں میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ اس اصول کے تحت کیا گیا ہے کہ کھیلوں میں سیاست کا کوئی عمل دخل نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کے روز وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اس مؤقف پر قائم رہا ہے کہ کھیلوں کے میدان کو سیاست سے پاک رکھا جانا چاہیے، اسی لیے بھارت سے میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ درست اور بھرپور غور و فکر کے بعد کیا گیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ کھڑا ہے اور اصولی مؤقف اپنایا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت کی اجازت دی ہے، تاہم 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے منع کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے میچ سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو سب سے زیادہ مالی فائدہ ہوتا ہے، جس کے باعث اس فیصلے سے عالمی کرکٹ حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی سی سی نے اس معاملے پر رابطوں کا عمل شروع کر دیا ہے اور ادارے کے سینئر عہدیداران پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے رابطے میں ہیں۔ بات چیت کے ذریعے مسئلے کا کوئی قابلِ قبول حل نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ 15 فروری کو پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے حوالے سے فیصلہ ہو سکے۔