راولپنڈی کے علاقے گلستان کالونی میں پتنگ بازی کے دوران فضا میں پھرنے والی قاتل ڈور نے دو معصوم بچوں کو زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق پانچ سالہ ابو بکر کی گردن پر ڈور لگنے سے شدید زخم آئے جبکہ ایک سالہ دانیال بھی ڈور کی زد میں آ کر زخمی ہو گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق دونوں بچے اپنے ماموں کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ اچانک فضا میں اڑتی ہوئی ڈور ان سے ٹکرا گئی۔ واقعے کے بعد بچوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے نامعلوم پتنگ باز کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 324 (اقدامِ قتل) اور اینٹی فلائنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور شہریوں نے قاتل ڈور کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔