آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سلسلے میں کولمبو میں کیپٹن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا بھی شریک ہوئے۔
کانفرنس میں سلمان علی آغا نے کہا کہ بھارت کے ساتھ میچ کے حوالے سے فیصلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے بلکہ یہ حکومت کے اختیار میں ہے اور ہم ان کے فیصلے کا احترام کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ باقی ٹیموں کے خلاف پاکستان کی کارکردگی متاثر کن ہوگی۔
سلمان علی آغا نے بتایا کہ یہ ان کا بطور کپتان پہلا ورلڈ کپ ہے اور وہ بہت پرجوش ہیں اور امید ہے کہ ان کی قیادت میں ٹیم بہترین کھیل پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ٹورنامنٹس میں ٹیم ویسا پرفارم نہیں کر سکی جیسا کہ فینز نے توقع کی تھی، لیکن اس بار ٹیم اچھی فارم میں ہے اور مثبت کارکردگی دکھائے گی۔
کپتان نے مزید کہا کہ ایشیا کپ کے بعد ٹیم نے اچھی کرکٹ کھیلنا شروع کر دی ہے اور ہر میچ کے لیے بھرپور تیاری کر رہی ہے، چاہے وہ نیدرلینڈ یا دیگر ٹیموں کے خلاف ہو۔ انہوں نے سری لنکا کی میزبانی کو دوسرے گھر کی طرح قرار دیا اور کہا کہ یہاں کے لوگ اخلاقی اور محبت بھرے ہیں، اور کھیل کا ماحول خوشگوار ہے۔
سلمان علی آغا نے آخر میں کہا کہ موسم پر توجہ مرکوز نہیں کی جا سکتی، لیکن ٹیم بہترین کرکٹ پیش کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔