کراچی: خیابانِ اتحاد پر ڈیجیٹل اسکرین پر نازیبا ویڈیو چلانے والا ملزم گرفتار

image

کراچی کے علاقے خیابانِ اتحاد میں نصب ڈیجیٹل ایڈورٹائزمنٹ اسکرین پر نازیبا ویڈیو چلانے کے واقعے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ گزشتہ روز گزری تھانے میں درج کیا گیا تھا جس کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا گیا اور کارروائی کے دوران ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار ملزم کا تعلق اسی ایڈورٹائزنگ کمپنی سے ہے جو مذکورہ ڈیجیٹل اسکرین کی ذمہ دار تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق کمپنی کے آپریشن ڈائریکٹر نے پولیس کو فون پر اطلاع دی کہ ڈی ایچ اے فیز 8 میں نصب ایس ایم ڈی اسکرین پر وقفے وقفے سے غیر اخلاقی ویڈیو کلپس چل رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی متعلقہ اسکرین کو فوری طور پر بند کر دیا گیا تھا۔

حکام کے مطابق احتیاطی تدابیر کے طور پر ڈی ایچ اے کی اہم شاہراہوں کے علاوہ شاہراہِ فیصل اور کارساز روڈ پر نصب متعدد ڈیجیٹل ایڈورٹائزمنٹ اسکرینز کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا تاکہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US