پشاور زلمی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں سیزن سے قبل افغانستان کے اسٹار وکٹ کیپر بیٹر رحمان اللہ گرباز کو ڈائریکٹ سائن کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رحمان اللہ گرباز جدید ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے سب سے جارحانہ اور خطرناک بیٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں 145 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 6 ہزار 244 رنز اسکور کر چکے ہیں جو ان کی جارحانہ بیٹنگ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
گرباز ٹاپ آرڈر میں دھواں دار بیٹنگ کے ساتھ ساتھ وکٹوں کے پیچھے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں جس کی بدولت وہ کسی بھی میچ کا رخ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کی شمولیت سے پشاور زلمی کو نہ صرف ایک میچ وننگ بیٹر بلکہ قیمتی بین الاقوامی تجربہ بھی حاصل ہوگا۔
اس موقع پر چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے افغان اسٹار کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ زلمی فیملی میں رحمان اللہ گرباز کی شمولیت باعثِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو امید ہے کہ گرباز اپنی شاندار کارکردگی سے زلمی کا نام روشن کریں گے اور شائقینِ کرکٹ کو بھرپور تفریح فراہم کریں گے۔
رحمان اللہ گرباز کی اس سائننگ کے ساتھ پشاور زلمی نے اپنی ٹیم کو مزید مضبوط بنا لیا ہے جبکہ شائقین کو آنے والے پی ایس ایل سیزن میں سنسنی خیز مقابلوں کی توقع ہے۔