عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے پاکستانی معیشت کے وسائل اور مسائل پر کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو اگلے 10 سال میں 3 کروڑ نئی نوکریاں پیدا کرنا ہوں گی۔
کراچی میں عالمی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ملک میں فری لانسرز کی بڑھتی ہوئی تعداد کاروباری صلاحیت کا مظہر ہے اور اس سے معیشت میں نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔ اجے بنگا نے مزید کہا کہ ہر سال 25 سے 30 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا کرنا ناگزیر ہیں۔
عالمی بینک پاکستان کے ساتھ سالانہ 4 ارب ڈالر کی شراکت داری کرے گا تاکہ اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ممکن بنایا جاسکے۔
اجے بنگا نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کا شعبہ سب سے بڑا چیلنج ہے اور فوری اصلاحات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سولر انرجی مفید ضرور ہے لیکن نظام کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اگر نوجوان آبادی کو مواقع فراہم نہ کیے گئے تو نہ صرف بے روزگاری بلکہ بے امنی اور ملک سے ہجرت کے رجحانات میں بھی اضافہ ہوگا۔