پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر صائم ایوب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ پی ایس ایل کی نئی فرنچائز حیدرآباد نے صائم ایوب کو 12 کروڑ 60 لاکھ روپے میں ریٹین کرنے کی تصدیق کر دی ہے جو لیگ کی تاریخ میں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کے لیے اب تک کی سب سے بڑی رقم ہے۔
حیدرآباد فرنچائز نے مجموعی طور پر چار کھلاڑیوں کو ریٹین کیا ہے۔ صائم ایوب کے علاوہ عثمان خان کو 4 کروڑ 62 لاکھ روپے، نوجوان آل راؤنڈر معاذ صداقت کو 3 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ تیز بالر عاکف جاوید کو 1 کروڑ 90 لاکھ روپے میں ریٹین کیا گیا ہے۔
فرنچائز حکام کے مطابق ٹیم کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جبکہ پی ایس ایل سیزن 11 کا پلیئرز آکشن 11 فروری کو منعقد ہوگا۔ آکشن سے قبل تمام ٹیمیں ریٹینشن اور ڈائریکٹ سائننگز کے عمل میں مصروف ہیں۔