ملکی تاریخ کا نیا ریکارڈ: پہلی ششماہی میں پیٹرولیم لیوی کی سب سے بڑی وصولی

image

ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی بھی مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پیٹرولیم لیوی کی ریکارڈ وصولی سامنے آ گئی ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں سالانہ بنیادوں پر 273 ارب 51 کروڑ روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا دسمبر 2025 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 822 ارب 93 کروڑ روپے وصول کیے گئے، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت یعنی جولائی تا دسمبر 2024 میں یہ وصولی 549 ارب 41 کروڑ روپے تھی۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ پیٹرول پر لیوی میں 4 روپے 65 پیسے اضافہ کر کے اسے 84 روپے 27 پیسے فی لیٹر مقرر کیا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 80 پیسے اضافے کے بعد لیوی 76 روپے 21 پیسے فی لیٹر کر دی گئی۔

مزید برآں، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران کاربن لیوی کی مد میں بھی 25 ارب 48 کروڑ روپے کی علیحدہ وصولی کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US