ناظم آباد، جیکسن اور سائٹ سے زخمی سمیت 10 ملزمان گرفتار، اسلحہ، منشیات برآمد

image

ناظم آباد سے مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جیکسن سے 6 منشیات فروش جبکہ سائٹ ایریا سے 4 ڈکیت پکڑے گئے۔

پولیس کے مطابق تھانہ ناظم آباد کے علاقے گجر نالہ نزد ندی کنارہ سروس روڈ پر پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی ملزم فہد سمیت عبدالحفیظ کو گرفتار کرکے ایک پستول، مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

جیکسن پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار لاکھوں روپے کی منشیات برآمد کرلی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت سجاد، مزمل، انور، راحت، سجاد حسن اور عابد کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزمان کے خلاف منشیات، گٹکا ماوا، اقدام قتل، اسلحے اور ڈکیتی کے مقدمات درج ہیں۔

سائٹ اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں ملوث چار رکنی ڈکیت گروہ گرفتار کرکے دو پستول اور چوری شدہ موبائل فون برآمد کرلیے۔

ملزمان کی شناخت نور الحق، ساجد، ناصر اور سہیل کے نام سے بتائی گئی ہے، ملزمان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کے مطابق ملزمان کے خلاف ڈکیتی، چوری، لوٹ مار، قتل اور پولیس پر فائرنگ کے مقدمات درج ہیں۔

پولیس کے مطابق تمام ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US