پاکستان کے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ بالرز، وسیم اکرم اور وقار یونس نے کرکٹ شائقین سے التجا کی ہے کہ وہ بھی ان کے ساتھ مل کر پاکستان ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھرپور سپورٹ کریں۔
وسیم اور وقار نے ایک ویڈیو میں کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں اچھا کرے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ ان کو زیادہ تنقید کا نشانہ نہ بنایا جائے۔ وسیم نے کہا یہ ہم سب کی ٹیم ہے اور اس کو سپورٹ کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا ٹیم اگر برا کرتی ہے تو تھوڑا بہت تنقید بنتی ہے لیکن زیادہ نہیں۔
وسیم نے اقرار کیا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے میچ میں ایک وقت میں ان کو لگ رہا تھا کہ پاکستان میچ ہار جائے گا اور وقار نے ان کو یاد دلایا کہ اپ کمنٹری باکس میں تھے تو اپ کا دل تو حلق میں آگیا ہوگا جس پر وسیم نے مسکرا کر کہا ایسا ہی ہے کیونکہ ہم بھی وہی چاہتے ہیں جو کرکٹ شائقین چاہتے ہیں کہ پاکستان ٹیم اچھا کرے۔
دونوں فاسٹ بالرز نے فہیم اشرف کی بہت تعریف کی اور کہا کہ وہ ایک زبردست اننگز کھیل گیا۔ ویل ڈن رانا جی دونوں نے کہا۔ بابر اعظم کی اننگز اور ان کی ٹیم میں جگہ پر دونوں نے کھل کر بات کی۔
وقار کا کہنا تھا کہ نیدرلینڈز کے خلاف بے شک بابر نے اچھی بیٹنگ نہیں کی لیکن ورلڈ کپ میں آگے چل کر اسپن اور سلو پچز پر وہ پاکستان کے بہت کام آسکتا ہے۔ دونوں اس چیز پر متفق ہیں کہ بابر اگر کھیلے گا تو اس وقت تو صرف چار نمبر پر ہی وہ کھیل سکتا ہے۔ دونوں سابق کپتانوں نے کہا کہ نیدرلینڈز کے خلاف اس لیے مشکل پیش آئی کیونکہ مڈل آرڈر میں بیٹسمینوں نے اچھا کھیلتے کھیلتے اپنا کھیلنے کا انداز بدل دیا۔
وقار نے کہا کہ یہ ایک پرانا مسئلہ ہے پاکستان کی ٹیم کے ساتھ اور ورلڈ کپ میں ان کے خیال میں جیسے آپ کھیل رہے ہیں ویسے ہی کھیلتے رہیں اگر کچھ وکٹیں بھی گرے تو انداز نہ بدلیں۔ دونوں کھلاڑی اس وقت ورلڈ کپ میں آئی سی سی کی کمنٹری پینل پر موجود ہیں۔