پاکستان کے وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ابھرتی ہوئی معیشتوں سے متعلق سالانہ علولا کانفرنس کے موقع پر ورلڈ بینک گروپ کی منیجنگ ڈائریکٹر محترمہ انا بیئرڈے سے ملاقات کی۔
ملاقات میں گزشتہ ہفتے صدرِ ورلڈ بینک کے دورۂ پاکستان کے تناظر میں کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور ترقیاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران توانائی، تعلیم، صحت، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے، قرضہ برائے ترقی (Debt-for-Development Swaps)، مالیاتی اصلاحات اور انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ جیسے اہم شعبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے واضح اہداف، کارکردگی جانچنے کے مؤثر پیمانے اور مضبوط عملدرآمدی نظام ناگزیر ہیں تاکہ وعدوں کو عملی نتائج میں بدلا جا سکے۔
انا بیئرڈے نے پاکستان کے لیے ورلڈ بینک کے 20 ارب ڈالر کے دس سالہ ترقیاتی پروگرام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحات اور ترقیاتی ایجنڈے میں پاکستان کی مکمل حمایت جاری رہے گی۔ انہوں نے پروگرام کے زیادہ سے زیادہ ثمرات کے لیے مستقل رابطے اور مؤثر عملدرآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک گروپ کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزارتیں مکمل تعاون فراہم کریں گی، جبکہ صوبائی حکومتوں کے کردار کو بھی ناگزیر قرار دیا تاکہ بہتر ہم آہنگی، بروقت عملدرآمد اور قابلِ پیمائش نتائج یقینی بنائے جا سکیں۔
واضح رہے کہ علولا کانفرنس برائے ابھرتی ہوئی معیشتیں کا آغاز 2025 میں کیا گیا تھا، جس میں دنیا بھر سے وزرائے خزانہ، مرکزی بینکوں کے گورنرز، اعلیٰ پالیسی ساز، بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے سربراہان اور ماہرین شریک ہو کر عالمی اقتصادی چیلنجز اور مواقع پر غور کرتے ہیں۔