وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی کی سبسڈی پر 70 فیصد رعایت اب ممکن نہیں کیونکہ کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 90 لاکھ سے بڑھ کر 2 کروڑ 10 لاکھ ہو گئی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں اویس لغاری نے بتایا کہ کئی امیر صارفین سولر سسٹم لگا کر کم استعمال کرنے والے صارفین کی فہرست میں شامل ہو جاتے ہیں، جس کی وجہ سے اتنے بڑے طبقے کو اتنی بڑی سبسڈی دینا ریاست کے لیے ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت کے مطابق صنعتی شعبے کے لیے کراس سبسڈی ختم کی جا رہی ہے اور اب صنعتی بجلی کے نرخ خطے کے دیگر ممالک کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ اویس لغاری نے اس بات کی بھی تردید کی کہ بنگلادیش میں بجلی کی قیمت صرف 6 سے 7 سینٹ فی یونٹ ہے اور کہا کہ یہ بات درست نہیں۔