پی سی بی میں بی سی بی اور آئی سی سی وفد کی اہم میٹنگ کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

image

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے وفد کے درمیان ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں ٹی 20 ورلڈ کپ اور دیگر مستقبل کے میچز کے حوالے سے متعدد اہم نکات زیر غور آئے۔

ذرائع کے مطابق میٹنگ میں بنگلا دیش بورڈ نے مطالبہ کیا کہ انہیں آئی سی سی کے ریونیو شیئر میں حصہ ملنا چاہیے اور بھارتی ٹیم رواں سال ستمبر میں ایف ٹی پی (فول ٹور پروگرام) کے تحت بنگلا دیش کا دورہ کرے۔ علاوہ ازیں بی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل کی ایکسٹینشن 2031 ورلڈ کپ تک برقرار رکھنے کی خواہش ظاہر کی، جس کے تحت 2031 کے ورلڈ کپ میں بھارت اور بنگلا دیش میزبان ہوں گے اور پاکستان کی ٹیم بنگلا دیش میں اپنے میچز کھیلے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ حکومت پاکستان کے فیصلے کی ہر سطح پر تائید کی جائے گی اور جو فیصلہ حکومت کرے گی، اس کی پاسداری ضروری ہوگی۔ آئی سی سی کے وائس چیئرمین عمران خواجہ آج آئی سی سی بیوروکریسی کے ساتھ میٹنگ کر کے تمام نکات پر بات کریں گے، جبکہ پی سی بی کو جلد آئی سی سی کی جانب سے جواب موصول ہوگا جسے بی سی بی کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

اگر بنگلا دیش بورڈ اس جواب سے مطمئن ہوا تو پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی وزیرِ اعظم پاکستان کو اجلاس اور تمام فیصلوں سے آگاہ کریں گے۔ اس دوران حکومت پاکستان نے بنگلا دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ بھی برقرار رکھا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US