ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: حکومت نے قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی

image

حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ حکومت کی جانب سے اس فیصلے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔

جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پی سی بی، آئی سی سی اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے نمائندوں کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ حکومت پاکستان نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی سی بی کو موصول ہونے والی باضابطہ درخواستوں کے ساتھ ساتھ سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات کا بھی جائزہ لیا، جن میں پاکستان کو درپیش حالیہ چیلنجز کے حل میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق بی سی بی کے صدر امین الاسلام کے بیان کو بھی نوٹ کیا گیا۔ پاکستان نے برادر ملک بنگلا دیش کی جانب سے اظہارِ تشکر کو گرمجوشی اور خلوص کے ساتھ قبول کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بنگلا دیش کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور سری لنکن صدر کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں دونوں رہنماؤں نے اس امر کو یاد کیا کہ پاکستان اور سری لنکا ہمیشہ خصوصاً مشکل اوقات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ سری لنکن صدر نے وزیراعظم سے موجودہ معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر سنجیدگی سے غور کرنے کی درخواست بھی کی۔

دوست ممالک کی درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے ہدایت جاری کی کہ قومی کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف اپنے مقررہ میچ میں شرکت کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US