پاک کالونی، نیو کراچی صنعتی ایریا، ماڑی پور سے 2 زخمیوں سمیت 7 ملزمان گرفتار

image

پاک کالونی پولیس نے بینک اور اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے شہریوں کو لوٹنے والے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، نیو کراچی صنعتی ایریا میں بھی پولیس نے 2 اسٹریٹ کرمنل دھر لیے جبکہ ماڑی پور پولیس نے 3 رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق پاک کالونی سے گرفتار ملزمان کی شناخت حسن اور آصف کے نام سے ہوئی، ملزمان سے لوٹ مار اور ڈکیتی کی سینکڑوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان 35 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے، ملزمان کے خلاف کورنگی صنعتی ایریا، شاہ فیصل، نیو ٹاؤن، بوٹ بیسن، کلفٹن، ڈیفنس سمیت ایس آئی یو میں بھی مقدمات درج ہیں۔

ملزمان سائٹ ایریا، شیر شاہ، کورنگی، شاہ فیصل، قیوم آباد، ملیر گلشن اقبال، بہادر آباد طارق روڈ اور ڈیفنس کے علاقوں میں لوٹ مار کی وارداتیں کرتے تھے۔ ملزمان اے ٹی ایم اور بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو ریکی کے بعد لوٹ لیتے تھے۔

دوسری جانب شاہین فورس اور نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے عرفان اور جان شیر نامی دو اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ موبائل فون برآمد کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے نقدی اور شہری کے شناختی کارڈ کی کاپی بھی برآمد ہوئی جبکہ واردات میں استعمال کی گئی موٹر سائیکل بھی شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے سے چھینی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم جان شیر کا سابقہ کرمنل ریکارڈ سامنے آیا ہے اور وہ مختلف تھانوں کو متعدد مقدمات میں مطلوب ہے۔

ماڑی پور پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر کی گئی کارروائی میں جاوید، نبیل اور سمیر کو گرفتار کرکے تین پستول، چھیننے ہوئے موبائل فون اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے غیر ملکی شہری کو بھی لوٹ مار کا نشانہ بنایا تھا، جبکہ ملزمان کا گروہ لوٹ مار و ڈکیتی کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے۔

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US