پشاور زلمی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے لیے سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر اور تجربہ کار کوچ اظہر محمود کو ٹیم کا اسسٹنٹ اور بولنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
پی ایس ایل میں سابقہ تجربے اور بین الاقوامی و ڈومیسٹک کرکٹ میں مضبوط پس منظر رکھنے والے اظہر محمود بولنگ لائن اپ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کوچنگ اسٹاف کا حصہ بنیں گے۔ وہ اس سے قبل پاکستان قومی ٹیم کے ساتھ بھی بطور کوچ خدمات انجام دے چکے ہیں اور بولنگ تکنیک کے ساتھ ساتھ گیم اسٹریٹیجی پر گہری مہارت رکھتے ہیں۔
ان کی شمولیت سے پشاور زلمی کی بولنگ یونٹ کی کارکردگی میں بہتری کی توقع ہے جو پی ایس ایل سیزن 11 میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گی۔
اس موقع پر چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے کہا کہ اظہر محمود کا بین الاقوامی اور مقامی سطح پر وسیع تجربہ انہیں کوچنگ اسٹاف کے لیے بہترین انتخاب بناتا ہے جبکہ ان کی مہارت بولرز کی تیاری اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گی۔