رقمی اسلامک ڈیجیٹل بینک کو لائسنس جاری، پاکستان۔کویت تعلقات معاشی شراکت داری میں بدلنے کا عزم

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور کویت کے دہائیوں پر محیط برادرانہ سیاسی تعلقات کو سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی تعاون میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو عملی شکل دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے منگل کو اسلام آباد میں رقمی اسلامک بینک کو ڈیجیٹل بینکنگ لائسنس کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے رقمی بورڈ کے چیئرمین اور متعلقہ حکام کو لائسنس کے اجراء پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ رقمی اسلامک بینک کو ڈیجیٹل بینکنگ کے لیے لائسنس کا اجراء پاکستان اور کویت کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے، جس سے پاکستان میں بینکاری کے شعبے کو فروغ ملے گا اور ڈیجیٹل معیشت کو تقویت حاصل ہوگی۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی تعلقات کو معاشی تعاون میں تبدیل کرنا نہایت اہم ہے۔

اس موقع پر سی ای او رقمی اسلامک بینک عمیر اعجاز نے کہا کہ شرعی اصولوں کے مطابق جدید بینکاری کا فروغ رقمی بینک کا بنیادی عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ رقمی ڈیجیٹل بینکنگ پاکستان میں کیش لیس معیشت کی جانب اہم پیش رفت ہے اور تمام شعبہ ہائے زندگی کو مالیاتی نظام میں شامل کرنا بینک کی ترجیح ہے۔

چیئرمین رقمی بورڈ عبداللہ مطیری نے کہا کہ رقمی ڈیجیٹل بینک کو تجارتی سرگرمیوں کے لیے لائسنس کا اجراء ایک تاریخی لمحہ ہے، جو پاکستان اور کویت کے قریبی برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم ملک ہے اور رقمی بینک کا آغاز پاکستان کے روشن معاشی مستقبل پر اعتماد کا ثبوت ہے۔

تقریب کے اختتام پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیئرمین رقمی بورڈ عبداللہ مطیری کو رقمی اسلامک بینک کا ڈیجیٹل بینکنگ لائسنس باضابطہ طور پر دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US