کراچی: قرض خواہوں سے بچنے کے لیے جیولر کا 40 لاکھ کی ڈکیتی کا ڈرامہ بے نقاب

image

کراچی کے کاروباری علاقے صدر میں ایک جیولر کی جانب سے مبینہ 40 لاکھ روپے مالیت کی ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق دکاندار نے قرض خواہوں سے بچنے کے لیے جھوٹی واردات کی اطلاع دی تھی۔

ڈی ایس پی پریڈی لیاقت حیات کے مطابق راجہ غضنفر علی روڈ پر واقع جیولر شاپ کے مالک مہزور نے مددگار 15 پر کال کر کے اطلاع دی کہ دو ملزمان اس کی دکان سے 40 لاکھ روپے مالیت کی چاندی لوٹ کر فرار ہوگئے ہیں۔

پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی تو صورتحال مشکوک لگی۔ اطلاع دینے والا دکاندار پرسکون انداز میں چائے پی رہا تھا جبکہ اطراف کی دکانوں کو بھی کسی واردات کا علم نہیں تھا۔ مزید پوچھ گچھ میں انکشاف ہوا کہ دکاندار نے مبینہ واردات کے تقریباً ایک گھنٹے بعد پولیس کو اطلاع دی تھی، جبکہ دکان میں کافی زیورات بھی موجود تھے۔

پولیس نے قریبی دکانوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی تو کسی مشتبہ شخص کو واردات کرتے نہیں دیکھا گیا۔ باریک بینی سے تفتیش پر دکاندار نے اعتراف کیا کہ اس نے قرض خواہوں سے مہلت حاصل کرنے کے لیے ڈکیتی کی جھوٹی کہانی بنائی۔

پولیس کے مطابق دکاندار کو تھانے منتقل کیا گیا تاہم بعد ازاں تاجر ایسوسی ایشن کی مداخلت اور دکاندار کی معافی کے بعد معاملہ رفع دفع کردیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US