عالمی اسمگلنگ نیٹ ورک بے نقاب: گوادر سے 1.2 ٹن چرس برآمد، 2 ملزمان گرفتار

image

اینٹی نارکوٹکس فورس نے گوادر ریجن میں بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1.2 ٹن چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ برآمد شدہ منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 66.15 ملین امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔

اے این ایف حکام کے مطابق یہ کارروائی اسحاق بلوچ کے زیرِ سرپرستی چلنے والے بین الاقوامی ڈرگ ٹریفکنگ آرگنائزیشن کے خلاف کی گئی۔ یہ نیٹ ورک پنجگور سے تربت کے راستے گوادر اور پسنی تک منشیات منتقل کر کے تیز رفتار ماہی گیر کشتیوں کے ذریعے خلیجی ممالک، یمن اور تنزانیہ اسمگلنگ کرتا تھا۔

انٹیلی جنس اطلاع پر اے این ایف نے پنجگور، تربت قومی شاہراہ (ایم 8) پر کارروائی کی اور مشتبہ ٹرک کو روک کر خفیہ خانوں سے 1200 کلوگرام چرس برآمد کی، جبکہ ٹرک میں سوار دو ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ منشیات افغانستان سے پاکستان منتقل کی گئی تھیں اور بعد ازاں سمندری راستے بیرون ملک اسمگل کی جانی تھیں۔

گرفتار ملزمان کے اہم انکشافات کے بعد اے این ایف نے انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے گروہ کے سرغنہ اور دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US