پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پہلی بار پلیئرز آکشن کے ذریعے کھلاڑیوں کی سلیکشن کا آغاز ہو گیا ہے جس سے ایونٹ کی تاریخ میں نیا باب رقم ہو گیا ہے۔ پلیئرز آکشن میں پی ایس ایل کی آٹھ ٹیمیں اپنا 16 سے 20 رکنی اسکواڈ تشکیل دیں گی جبکہ آکشن میں 800 سے زائد ملکی و غیر ملکی کھلاڑی رجسٹرڈ ہیں۔
آکشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے فہیم اشرف کیلئے 8 کروڑ 50 لاکھ روپے کی سب سے بڑی بولی لگا کر انہیں اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا۔آکشن کے اس مرحلے میں حیران کن طور پر آل راؤنڈر عماد وسیم کسی ٹیم کی توجہ حاصل نہ کر سکے اور ان پر کوئی بولی نہ لگی۔
دوسری جانب آسٹریلوی اسٹار بیٹر ڈیوڈ وارنر کو کراچی کنگز نے 7 کروڑ 90 لاکھ روپے میں خرید لیا۔ لاہور قلندرز نے قومی فاسٹ بولر حارث رؤف کو 7 کروڑ 60 لاکھ روپے میں اپنے اسکواڈ میں شامل کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جنوبی افریقی بیٹر رائلی روسو کو 5 کروڑ 55 لاکھ روپے میں خریدا، جبکہ حسین طلعت، سعود شکیل اور احسان اللہ اس مرحلے میں کسی ٹیم کا حصہ نہ بن سکے۔
راولپنڈی کی فرنچائز نے نسیم شاہ کیلئے 8 کروڑ 65 لاکھ روپے کی بڑی بولی لگا کر انہیں اپنے اسکواڈ میں شامل کیا۔
پی ایس ایل قوانین کے مطابق ہر ٹیم کو اسکواڈ مکمل کرنے کیلئے 50 کروڑ 50 لاکھ روپے کا مجموعی بجٹ دیا گیا ہے۔ آکشن کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس 34 کروڑ 60 لاکھ روپے باقی ہیں کراچی کنگز کے پرس میں 32 کروڑ 26 لاکھ روپے موجود ہیں جبکہ لاہور قلندرز کے پاس 31 کروڑ 36 لاکھ روپے دستیاب ہیں۔