ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ : جنوبی افریقا نے دوسرے سپر اوور میں افغانستان کو شکست دے دی

image

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ ڈی میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد دوسرے سپر اوور میں شکست دے دی۔

میچ برابر ہونے پر پہلا سپر اوور کھیلا گیا جس میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 17 رنز بنائے۔ جواب میں جنوبی افریقا بھی 17 رنز ہی بنا سکا، یوں مقابلہ دوسرے سپر اوور میں داخل ہوگیا۔

دوسرے سپر اوور میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 23 رنز اسکور کیے، تاہم افغان ٹیم 19 رنز تک محدود رہی اور پروٹیز نے 4 رنز سے کامیابی اپنے نام کر لی۔

اس سے قبل افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پروٹیز کی جانب سے ایڈم مارکرم اور کوئنٹن ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم مارکرم 12 کے مجموعے پر فضل حق فاروقی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

بعد ازاں ڈی کوک اور ریکلٹن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہی اوور میں اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ ریکلٹن 61 اور ڈی کوک 59 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ڈیوالڈ بریوس نے 23 جبکہ ڈیوڈ ملر نے 20 رنز بنائے۔ افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے 3 اور راشد خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے اننگز کا آغاز کیا۔ گرباز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 87 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 7 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ تاہم ایک مرحلے پر مضبوط پوزیشن میں دکھائی دینے والی افغان ٹیم 13 گیندوں کے دوران 5 وکٹیں گنوا بیٹھی اور پوری ٹیم 20ویں اوور میں 187 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

عظمت اللہ عمرزئی نے 22 اور راشد خان نے 20 رنز اسکور کیے جبکہ جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیڈی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US