نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج اکنامک پاکستان امریکن کونسل (E-PAC) اور یونائیٹڈ مسلم امریکن ایسوسی ایشن (UMAA) کے مشترکہ وفد سے ملاقات کی۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاک۔امریکا دوطرفہ تجارت اور معاشی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے میں امریکی نجی شعبے کے اہم کردار کو سراہا۔
نائب وزیرِاعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سول سوسائٹی تنظیمیں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی گئی اور پاک۔امریکا تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔