وزیر خزانہ کی گوبی پارٹنرز سے ملاقات، وینچر کیپیٹل اور ٹیکنالوجی شعبے کے فروغ پر زور

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے آج وزارتِ خزانہ میں گوبی پارٹنرز کے وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت چیئرمین مسٹر تھامس تساؤ کر رہے تھے۔ وفد میں منیجنگ پارٹنر مسٹر نیل اکرام اور انویسٹمنٹ ایسوسی ایٹ مسٹر ابریز عبداللہ بھی شامل تھے۔

وزیر خزانہ نے گوبی پارٹنرز کی پاکستان کے وینچر کیپیٹل ایکو سسٹم میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی، مالیاتی منڈیوں کے استحکام اور ٹیکنالوجی پر مبنی معاشی تنوع کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپس کی ترقی، جدت اور پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے رسک کیپیٹل تک رسائی نہایت اہم ہے۔

گوبی پارٹنرز کے وفد نے وزیر خزانہ کو اپنے علاقائی آپریشنز اور پاکستان میں 2020 میں شروع کیے گئے ٹیکسیلا فنڈ اول کے ذریعے کی گئی سرمایہ کاری سے آگاہ کیا، جس کے تحت فن ٹیک، ای کامرس اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے شعبوں میں اسٹارٹ اپس کی معاونت کی گئی۔ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ وینچر کیپیٹل سرمایہ کاری نے نہ صرف اضافی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا بلکہ روزگار کے مواقع، مالی شمولیت اور ڈیجیٹل تبدیلی میں بھی کردار ادا کیا۔

وفد نے ٹیکسیلا فنڈ دوم کے منصوبے سے بھی آگاہ کیا جس کا مجوزہ حجم 50 ملین امریکی ڈالر ہوگا۔ یہ فنڈ فن ٹیک، لاجسٹکس، ہیلتھ ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر سروسز جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔ گوبی پارٹنرز نے فنڈ میں اپنی سرمایہ کاری کے ساتھ مقامی اور بین الاقوامی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو بھی شامل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران وینچر کیپیٹل کے لیے سازگار ماحول کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی بات چیت ہوئی۔ وفد نے تجویز دی کہ مقامی مالیاتی اداروں کی وینچر کیپیٹل اور پرائیویٹ ایکویٹی میں شرکت کی حوصلہ افزائی کی جائے اور مقامی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ٹیکس پاس تھرو اسٹیٹس پر غور کیا جائے۔

وزیر خزانہ نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میکرو اکنامک استحکام، کاروباری ماحول کی بہتری اور ٹیکس و سرمایہ کاری اصلاحات کے ذریعے پائیدار اور مضبوط معیشت کی بنیاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو یکجا کرنا جدت پر مبنی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

ملاقات مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور پاکستان کے ابھرتے ہوئے وینچر کیپیٹل اور ٹیکنالوجی شعبے کے فروغ کے لیے مسلسل تعاون پر اتفاق کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US