کراچی: بلدیہ ٹاؤن مشرف کالونی میں فائرنگ، 3 افراد جاں بحق ، خاتون زخمی

image

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن مشرف کالونی میں آج صبح دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں معمولی تکرار اور شک کے باعث تین افراد کو قتل کر دیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں عابد (55 سال)، ان کی اہلیہ مریم (50 سال) اور بیٹا زبیر (20 سال) شامل ہیں جبکہ گھر میں موجود مہمان فاطمہ (35 سال) شدید زخمی ہوئی ہیں۔

تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ واقعے کا مرکزی کردار مقتول کا ہم زلف دانش ہے جس پر شک تھا کہ عابد کی 15 سالہ لاپتہ بیٹی علینہ اس کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اسی بات پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو رات گئے تک جاری رہی۔ بحث و تکرار کے بعد دانش اپنی بیوی انعم کو گھر چھوڑ کر آیا اور مبینہ طور پر رات 3 بجے کے قریب واپس آکر سوتے ہوئے خاندان پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

زخمی فاطمہ نے پولیس کو دیے گئے ابتدائی بیان میں دانش کی موجودگی اور فائرنگ کی تصدیق کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ صبح ساڑھے چھ بجے کے قریب ہوا لیکن اطلاع تاخیر سے موصول ہوئی۔

کرائم سین یونٹ نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ مرکزی ملزم دانش فرار ہے اور مقتول عابد کی بیٹی علینہ کا بھی کوئی سراغ نہیں ملا۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US