پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہوئی آج ایک نئی تاریخ رقم ۔۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں اور اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں بڑی مقدار میں شیئرز بیچ کر چار ارب بیس کروڑ روپے کا سرمایہ مارکیٹ سے نکال لیا۔
حیرت انگیز طور پر فارنرز نے آج پاکستانی اسٹاک مارکیٹ کوئی ایک شیئر بھی نہیں خریدا۔۔ تاہم اوورسیز پاکستانیوں نے شیئرز کی خریدو فروخت دونوں کیں مگر جتنے شیئرز خریدے اس سے کہیں زیادہ بیچ بھی دیئے اور نیٹ سیلر رہے۔۔
اسٹاک پنٹرز کے مطابق آج اگر مقامی بڑے سرمایہ کار اور میوچل فنڈز " مال " لینے نہ آتے تو اسٹاک مارکیٹ کو بڑا " جھٹکا " لگتا۔۔
این سی سی پی ایل کے اسٹاک مارکیٹ میں فارن اینڈ لوکل ٹریڈنگ کے جاری کردہ ڈیٹا بھی اس بات کی تصدیق کرتا ہے۔۔
ڈیٹا کے مطابق جمعہ کو میوچل فنڈز اور ہائی نیٹ ورتھ انفرادی سرمایہ کاروں نے ساڑھے چار ارب روپے مالیت کے شیئرز خرید لئے جن کو لگتا ہے کہ آئندہ دنوں ان کی یہ سرمایہ کاری منافع بخش رہے گی۔۔
اعدادوشمار یہ بتاتے ہیں کہ فارنرز اور اوورسیز آئل اینڈ گیس اور ٹیکنالوجی کمپنیز کے شیئرز بھاری مقدار میں بیچ رہے تھے اور یہ ہی شیئرز میوچل فنڈز اور مقامی بڑے انفرادی سرمایہ کار خرید رہے تھے۔۔
آج اسٹاک مارکیٹ میں ایک موقع پر 2275 پوائنٹس کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی تاہم کاروبار کا اختتام مارکیٹ میں 909 پوائنٹس کی گراوٹ پر ہوا۔۔
اسٹاک مارکیٹ کا بینچ مارک ہنڈریڈ انڈیکس 179604 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔۔ مارکیٹ میں 39 ارب روپے مالیت کے 70 کروڑ 57 لاکھ شیئرز کی خریدوفروخت ہوئی۔