انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے ساتھ بجلی کے مجوزہ ٹیرف میں تبدیلی کے معاملے پر مذاکرات جاری ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایم ایف حکام کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت کے ساتھ بات چیت میں اس امر کو یقینی بنانے پر غور کیا جا رہا ہے کہ بجلی نرخوں میں کسی بھی ممکنہ ردوبدل کا اضافی بوجھ متوسط اور کم آمدنی والے طبقات پر منتقل نہ ہو۔
حکام کے مطابق مجوزہ ترامیم کا جائزہ اس تناظر میں بھی لیا جا رہا ہے کہ آیا یہ حکومتی وعدوں اور آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اصلاحاتی پروگرام سے ہم آہنگ ہیں یا نہیں۔
آئی ایم ایف نے واضح کیا کہ بجلی ٹیرف میں ممکنہ تبدیلیوں کے مہنگائی کی شرح اور مجموعی معاشی استحکام پر اثرات کا تفصیلی تجزیہ بھی مذاکرات کا اہم حصہ ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق بجلی نرخوں میں کسی بھی تبدیلی کے اثرات براہِ راست عوام اور صنعت دونوں پر مرتب ہو سکتے ہیں، اس لیے حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری مشاورت کو آئندہ معاشی پالیسی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔