قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھارت کے خلاف بڑے میچ سے قبل اسپنر عثمان طارق کو اپنا ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو اچھی کرکٹ کھیلنی ہوگی۔
پریس کانفرنس میں سلمان علی آغا نے کہا کہ عثمان طارق کے بولنگ ایکشن پر باتیں چلتی رہتی ہیں، لیکن وہ دو مرتبہ کلیئر ہو چکے ہیں اور ان پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا، "کسی کی رائے کو روک نہیں سکتے، سب کو اجازت ہے۔"
کپتان نے مزید کہا کہ کل بڑے لیول کا میچ ہوگا، ٹیم کنڈیشنز کے مطابق تیار ہے اور پچ کا بھی علم ہے۔ اگر بارش کی وجہ سے اوور کم ہوتے ہیں تو اس کے لیے بھی پلان تیار ہے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ تمام 15 کھلاڑی اہم ہیں اور کنڈیشنز دیکھ کر پلیئنگ الیون بنائی جائے گی۔ انہوں نے بابر اعظم کی فارم پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے وہ کل بھی رنز کریں گے۔
بھارت کے جارح مزاج بیٹر ابھیشک شرما کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر کپتان نے کہا کہ امید ہے ابھیشک کی ری کوری اچھی ہو رہی ہوگی اور وہ ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کپتانی اضافی ذمہ داری اور دباؤ کے ساتھ آتی ہے، کیونکہ سب کی نظریں کپتان پر ہوتی ہیں، لیکن ٹیم کو میدان میں اچھی کرکٹ کھیلنی ہوگی۔