آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل پاکستان ٹیم مینجمنٹ کے لیے پلیئنگ الیون کا انتخاب معمہ بن گیا ہے۔
قومی ٹیم کے قریبی ذرائع کے مطابق اتوار کو ہونے والے میچ کے لیے ہیڈ کوچ مائیک اور کپتان سلمان علی آغا تاحال حتمی فیصلہ نہیں کر سکے کہ بھارت کے خلاف کون سے 11 کھلاڑی میدان میں اتریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ تین آل راؤنڈرز شاداب خان، محمد نواز اور فہیم اشرف میں سے کس کو ٹیم سے باہر رکھا جائے۔ ہیڈ کوچ اور کپتان اس بات پر متفق ہیں کہ بھارت کے خلاف دونوں اسپیشلسٹ اسپنرز ابرار احمد اور عثمان طارق جبکہ دو اسپیشلسٹ فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور سلمان مرزا کو ہر صورت کھلایا جائے۔
تاہم اس کمبی نیشن کے لیے کسی ایک آل راؤنڈر کو باہر بٹھانا ناگزیر ہوگا اور امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ محمد نواز کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت کی ممکنہ ٹیم میں آٹھ سے نو بائیں ہاتھ کے بیٹرز شامل ہو سکتے ہیں، جن میں ابھیشک شرما، ایشان کشن، تلک ورما، رنکو سنگھ، اکشر پٹیل اور واشنگٹن سندر نمایاں ہیں۔ مینجمنٹ کا خیال ہے کہ بائیں ہاتھ کے بیٹرز کے خلاف شاداب خان اور فہیم اشرف زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ممکنہ پاکستانی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل ہو سکتے ہیں۔تاہم حتمی فیصلہ میچ کے روز پچ اور موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔