پاک بھارت میچ سے قبل سابق کرکٹرز تنویر احمد اور ہربھجن سنگھ میں سوشل میڈیا پر لفظی جنگ

image

پاکستان کے سابق ٹیسٹ فاسٹ بالر تنویر احمد اور بھارت کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ کے درمیان سوشل میڈیا پر لفظی جنگ چھڑ گئی ہے جس نے کرکٹ حلقوں میں ہلچل مچا دی۔

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب تنویر احمد نے ایک بیان میں ہربھجن پر تنقید کی جس کے جواب میں ہربھجن سنگھ نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے سخت الفاظ استعمال کیے۔ ہربھجن نے تنویر کو ایک معمولی کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو بلاوجہ عظیم فاسٹ بولرز وسیم اکرم اور وقار یونس کے ہم پلہ سمجھتے ہیں۔

ویڈیو پیغام میں ہربھجن کی جانب سے سخت جملوں کے استعمال پر تنویر احمد نے بھی دو ٹوک ردعمل دیا اور خبردار کیا کہ اگر ان کے خلاف غیر مہذب زبان استعمال کی گئی تو وہ بھی جواب دینے میں کوئی لحاظ نہیں رکھیں گے۔

تنویر احمد نے ہربھجن پر دوغلے پن کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف وہ بھارتی کھلاڑیوں کو پاکستانی کرکٹرز سے ہاتھ نہ ملانے کا مشورہ دیتے ہیں، جبکہ دوسری جانب لیگز میں پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کمنٹری اور دیگر سرگرمیوں میں شریک ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاک بھارت مقابلوں سے قبل اکثر دونوں ممالک کے چند سابق کھلاڑیوں کے درمیان سوشل میڈیا پر بیاناتی جنگ دیکھنے میں آتی ہے، جسے شائقین کرکٹ خاصی دلچسپی سے فالو کرتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US