ٹی 20 ورلڈ کپ: پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ میں 70 فیصد بارش کا امکان

image

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا سب سے بڑا مقابلہ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ کولمبو میں شیڈول ہائی وولٹیج میچ سے قبل محکمہ موسمیات نے بارش کی پیش گوئی کردی ہے جس کے باعث شائقین کرکٹ میں تشویش پائی جارہی ہے۔

ای ایس پی این کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ اے میں پاکستان اور بھارت کا اہم میچ کل کولمبو میں کھیلا جانا ہے۔ دونوں ٹیمیں اس بڑے مقابلے کے لیے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں، تاہم کولمبو کے غیر متوقع موسم نے صورتحال کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔

سری لنکن محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خلیج بنگال میں کم دباؤ کا سسٹم بن رہا ہے، جس کے اثرات کولمبو سمیت مختلف علاقوں میں محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی شام ہونے والے پاک بھارت میچ کے دوران بارش کا قوی امکان ہے۔

پیش گوئی کے مطابق اتوار کو کولمبو میں دن کے آغاز پر موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا جبکہ درجہ حرارت 30 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ دوپہر کے دوران مختلف اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے اور بارش کے امکانات 50 سے 70 فیصد تک ظاہر کیے گئے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کا میچ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہونا ہے، تاہم بعض موسمی ماڈلز کے مطابق میچ کے آغاز سے قبل شدید بارش ہو سکتی ہے جس کے باعث ٹاس میں تاخیر یا اوورز کی تعداد کم کیے جانے کا خدشہ موجود ہے۔

کچھ پیش گوئیاں یہ بھی ظاہر کرتی ہیں کہ شام 8 بجے کے بعد موسم میں جزوی بہتری آ سکتی ہے، تاہم رات بھر وقفے وقفے سے بارش کے امکانات برقرار رہیں گے۔

اگر میچ مکمل طور پر بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔ شائقین کرکٹ کی نظریں اس اہم مقابلے پر جمی ہوئی ہیں اور دعائیں کی جا رہی ہے کہ یہ بڑا ٹاکرا موسم کی خرابی سے محفوظ رہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US