آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج روایتی حریف پاکستان کرکٹ ٹیم اور بھارت کرکٹ ٹیم کے درمیان بڑا مقابلہ کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ ہائی وولٹیج میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔
روایتی حریفوں کے درمیان اس اہم مقابلے کے لیے کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوچکا ہے، جہاں دونوں ٹیمیں اپنی مہارت اور اعصاب کا بھرپور امتحان دیں گی۔
بھارتی ٹیم اپنی مضبوط بیٹنگ لائن اپ پر انحصار کرے گی، جبکہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز، خصوصاً شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں، حریف بیٹرز کو قابو کرنے کی کوشش کریں گے۔
میچ سے قبل گرین شرٹس نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بھرپور پریکٹس کی، جبکہ بھارتی بیٹرز نے پاکستانی اسپنر عثمان طارق کے منفرد بولنگ ایکشن سے نمٹنے کے لیے خصوصی تیاری کی۔ کولمبو میں نیٹ سیشن کے دوران بھارتی کھلاڑیوں نے اسی طرز کے بولرز کا سامنا کرکے خود کو تیار کیا۔
دوسری جانب شائقین کرکٹ کو اس بڑے مقابلے کا شدت سے انتظار ہے اور اس حوالے سے کولمبو میں تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ تاہم میچ کے دوران موسم ایک اہم عنصر ثابت ہوسکتا ہے۔
Sri Lanka Department of Meteorology کے مطابق Bay of Bengal میں کم دباؤ کا نظام بن رہا ہے، جس کے باعث اتوار کی شام کولمبو میں بارش کا امکان ہے، جو پاک بھارت میچ کو متاثر کرسکتی ہے۔