آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم گروپ میچ میں پاکستان کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 61 رنز کی واضح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت کی جانب سے دیے گئے 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 97 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، اوپنر صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جبکہ صائم ایوب صرف 6 رنز بنا سکے۔
کپتان سلمان علی آغا 4 رنز اور اسٹار بیٹر بابر اعظم صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جس سے ٹیم شدید دباؤ کا شکار ہوگئی۔
مڈل آرڈر میں عثمان خان نے 44 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی، تاہم انہیں بھی زیادہ دیر کریز پر رکنے کا موقع نہ مل سکا۔
دیگر بیٹرز میں محمد نواز — 4 رنز، شاداب خان — 14 رنز، فہیم اشرف — 10 رنز بنا سکے جبکہ ابرار احمد — صفر پر آؤٹ ہوئے۔ کوئی بھی بیٹر ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کرسکا اور پوری ٹیم 97 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ایک موقع پر پاکستان نے 10 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 71 رنز بنائے تھے، تاہم اس کے بعد وکٹوں کی لائن لگ گئی اور ٹیم ہدف کے قریب بھی نہ پہنچ سکی۔
14 اوورز کے بعد پاکستان کا اسکور 89 رنز پر 7 وکٹ تھا اور جیت کے لیے 36 گیندوں پر 87 رنز درکار تھے، جو ناممکن ثابت ہوا۔
بھارت نے یہ اہم میچ 61 رنز سے جیت کر ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی، جبکہ پاکستان کو بیٹنگ کی ناقص کارکردگی کے باعث شدید تنقید کا سامنا ہے۔
قومی ٹیم کے بڑے بڑے بیٹرز کی ناکامی اس شکست کی بڑی وجہ بنی اور پاکستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔